گلیال جنگل کے قریب ڈکیتی کی کوشش ناکام، ایک ملزم گرفتار.

35

گلیال کے جنگلاتی علاقے کے قریب ڈکیتی اور اغواء نما واردات کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جہاں پنڈی سے آنے والے 3 افراد نے ایک شخص کو مبینہ طور پر مال لانے کے بہانے اپنے ساتھ لے جا کر لوٹ لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان متاثرہ شخص کو شہزور گاڑی میں سوار کرکے گلیال کے جنگل کے قریب لے گئے، جہاں اسے گاڑی سے اتار کر نقد رقم چھین لی گئی اور رسی سے باندھ دیا گیا۔ بعد ازاں ملزمان گاڑی سمیت فرار ہونے لگے۔
متاثرہ شخص کے شور مچانے پر قریبی افراد موقع پر پہنچ گئے، جس پر ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ فوری طور پر متحرک ہوگئے اور پورے علاقے میں تلاش شروع کر دی گئی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گاؤں میں فعال واٹس ایپ گروپس موجود ہیں، جن کے ذریعے لوگوں نے فوری رابطہ کرکے رات گئے تک گاؤں کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری رکھا۔ مقامی افراد کی کوششوں کے نتیجے میں ایک مشتبہ شخص کو پکڑ لیا گیا جبکہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔

اہل علاقہ نے بروقت کارروائی اور باہمی رابطے کو مؤثر قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں