🚨 ایبٹ آباد میں سوشل میڈیا دوستی کے نام پر مبینہ لوٹ مار، پولیس کی کارروائی میں متعدد ملزمان گرفتار.

23

ایبٹ آباد پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے شہری کو مبینہ طور پر جھانسہ دے کر لوٹ مار اور تشدد کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی ہدایات پر تھانہ رجوعیہ پولیس نے متاثرہ شہری کی شکایت موصول ہونے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری کو سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد ایک مخصوص مقام پر بلایا گیا، جہاں اسے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس سے نقد رقم، موبائل فون، اے ٹی ایم کارڈز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے شہری کو مختلف مقامات پر منتقل کرکے اس کے بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کی بھی کوشش کی۔
کارروائی کے دوران مسمات م، مسمات ف، حسنین خان ولد ریاست خان اور فیصل خان ولد زرین خان سمیت دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور کیس میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
واقعے کا مقدمہ نمبر 355/26 تھانہ رجوعیہ میں دفعات 392/34 PPC کے تحت درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیشی ٹیم شواہد اکٹھے کرنے اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش میں مصروف ہے۔

پولیس حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر معروف افراد سے رابطوں اور ملاقاتوں میں انتہائی احتیاط برتیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں۔

⚠️ نوٹ: زیرِ تفتیش مقدمات میں گرفتار افراد کو عدالت سے جرم ثابت ہونے تک قانوناً ملزم تصور کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں