تھانہ میرپور کی حدود میں دو محنت کشوں کے قتل پر تشویش، ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ.

18

ایبٹ آباد (مانسہرہ_ڈاٹ_کام ):
ماڈل فارم سروسز کے صدر راشد خان جدون نے تھانہ میرپور کی حدود میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دو محنت کشوں کے بہیمانہ قتل پر شدید غم و غصے اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 22 مئی کو بگڑہ ہری پور کے رہائشی فہد خان جدون کو قتل کیا گیا، جبکہ گزشتہ روز میرپور کے رہائشی بلال عباسی کو بھی بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ ان افسوسناک واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔
راشد خان جدون نے کہا کہ دونوں واقعات کے ملزمان تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہیں، جو متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے ڈی آئی جی ہزارہ سے مطالبہ کیا کہ بلال عباسی قتل کیس سمیت دیگر سنگین مقدمات کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص جیو فینسنگ اور دیگر تفتیشی ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملزمان کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا تو عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد مزید متاثر ہوگا۔
انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور علاقے میں امن و امان کی فضا بحال کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں