مانسہرہ: شاہ مقصود بائی پاس پر دونالی اسٹاپ کے قریب واقع ہجرہ ہوٹل کے نزدیک ایک بوسیدہ لاش برآمد ہونے سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر ضروری شواہد اکٹھے کیے۔ بعد ازاں لاش کو شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے ٹراما سنٹر منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ابتدائی طور پر لاش کافی عرصہ پرانی اور بوسیدہ معلوم ہوتی ہے، تاہم حتمی حقائق پوسٹ مارٹم اور تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔
مقامی افراد کے مطابق برآمد ہونے والی لاش مبینہ طور پر سائیں صفدر نامی شخص کی ہے، جو نشے کا عادی بتایا جاتا ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت کی سرکاری تصدیق قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد ہی کی جائے گی۔
پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس متوفی کے بارے میں معلومات موجود ہوں تو وہ متعلقہ پولیس سے رابطہ کرے تاکہ شناخت کے عمل کو جلد مکمل کیا جا سکے۔
علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے پر شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔