جناح آباد فائرنگ کیس: میرپور پولیس کی فوری کارروائی، چار ملزمان گرفتار.

20

ایبٹ آباد کے علاقے جناح آباد میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے کے بعد میرپور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ وقوعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ رات تقریباً 9 بجے جدون پلازہ کے قریب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم (ایکسیڈنٹ) ہوا، جس کے بعد تنازعہ بڑھتے بڑھتے جناح آباد سٹریٹ نمبر 9 میں جھگڑے کی صورت اختیار کر گیا۔ جھگڑے کے دوران ارسلان اور اس کے دیگر ساتھیوں کی جانب سے مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ معاذ اللہ ولد منظور حسین، سکنہ شاہزمان کالونی، گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ جھگڑے کے دوران حارث ولد ریاست خان، سکنہ کوٹھیالہ حال البدر کالونی، معمولی زخمی ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی میرپور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے وقوعے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی ہے
۔

پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں اور ناکہ بندیاں جاری ہیں۔

ترجمان ایبٹ آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں