شنکیاری باغوار میں دو مسلح گروہوں کے درمیان تصادم کی کوشش ناکام، متعدد افراد گرفتار.

21

شنکیاری کے علاقے باغوار میں دو مسلح گروہوں کے درمیان ممکنہ تصادم کی اطلاع پر شنکیاری پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لے لیا اور دونوں فریقین کے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، جہاں دو گروہوں کے درمیان کشیدگی پائی جا رہی تھی۔ پولیس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حالات کو مزید خراب ہونے سے روکا اور دونوں جانب سے کئی افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی وجوہات اور پس منظر جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

علاقہ مکینوں نے شنکیاری پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس فوری طور پر موقع پر نہ پہنچتی تو کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا تھا۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں