ایبٹ آباد: تھانہ کینٹ پولیس نے رشوت طلبی اور شہری کو مبینہ طور پر حبسِ بے جا میں رکھنے کے الزام میں محکمہ ایکسائز میں تعینات انسپکٹر نسیم خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ گرفتار ملزم کو پولیس تحویل میں لے کر لاک اپ منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حتمی حقائق تفتیش مکمل ہونے اور قانونی کارروائی کے بعد سامنے آئیں گے۔
شہری حلقوں نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اختیارات کے ناجائز استعمال، رشوت ستانی اور شہریوں کو ہراساں کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ سرکاری اداروں پر عوام کا اعتماد بحال رہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر نہ صرف اپنے محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ عوامی خدمت کے نظام کو بھی متاثر کرتے ہیں، اس لیے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے۔