مانسہرہ: دو کیری ڈبوں میں تصادم، ایک شخص زخمی.

21

مانسہرہ: شہر کے علاقے کنیٹ پٹرول پمپ (PSO پمپ) کے قریب دو کیری ڈبے آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور گاڑیوں کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت جمعہ خان کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں زخمی شخص کو مزید علاج معالجے کے لیے کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر ضروری امدادی کارروائیاں مکمل کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو بھی بحال کیا۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں