لوئر جناح آباد فائرنگ و تشدد کیس: نامزد ملزم ارسلان کی عبوری ضمانت منظور.

18

ایبٹ آباد: لوئر جناح آباد میں پیش آنے والے فائرنگ اور تشدد کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ معاذ اللہ قتل کیس اور اے ایس آئی حارث الرحمن پر مبینہ تشدد کے مقدمات میں نامزد ملزم ارسلان نے عدالت سے قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کر لی۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے متعلقہ عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس پر ابتدائی سماعت کے بعد عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک قانونی تقاضوں کے مطابق تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ لوئر جناح آباد میں پیش آنے والے واقعے کے بعد معاذ اللہ کے قتل اور پولیس اہلکار اے ایس آئی حارث الرحمن پر مبینہ تشدد کے حوالے سے الگ الگ مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں متعدد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا پیدا ہوئی تھی جبکہ متاثرہ خاندان کی جانب سے ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمات کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تفتیشی ٹیم شواہد، گواہوں کے بیانات اور دیگر قانونی تقاضوں کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے۔

عوامی حلقوں اور متاثرہ فریق کی نظریں اب عدالتی کارروائی اور تفتیشی عمل پر مرکوز ہیں تاکہ واقعے کے تمام حقائق سامنے آ سکیں اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں