پشاور/اسلام آباد: قومی وطن پارٹی کے رہنما احمد نواز خان جدون نے وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں اعداد و شمار اور مالی اہداف تو زیادہ ہیں، تاہم عوامی ریلیف انتہائی کم نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے پریشان عوام کو بجٹ سے جس ریلیف کی توقع تھی وہ پوری نہیں کی گئی۔ تنخواہ دار طبقے کو معمولی ریلیف دے کر حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری سمجھ لی ہے، جبکہ چھوٹے تاجر، مزدور اور کسان بجٹ کے بڑے فوائد سے محروم دکھائی دیتے ہیں۔
احمد نواز خان جدون کے مطابق بجٹ میں سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کی بات تو موجود ہے، لیکن عام آدمی کے لیے کوئی واضح روڈ میپ نظر نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے زیادہ توجہ معاشی اشاریوں پر دی ہے جبکہ عوامی مشکلات کے حل کو نظر انداز کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بجٹ سے متوسط طبقے کی مایوسی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، کیونکہ عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں اور انہیں خاطر خواہ ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔
قومی وطن پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ معاشی ترقی کے دعووں اور زمینی حقائق میں واضح فرق پایا جاتا ہے۔ بجٹ میں عام شہری کے بجائے صرف مالی اہداف کو ترجیح دی گئی ہے۔
مزید کہا گیا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے دی گئی مراعات خوش آئند ہیں، تاہم دیگر شعبوں خصوصاً چھوٹے تاجر، کسان اور عام عوام کو بھی ریلیف دیا جانا چاہیے تھا۔
پارٹی رہنماؤں کے مطابق مہنگائی کے مقابلے میں تنخواہوں میں اضافہ ناکافی ہے، اور معاشی ترقی کے ثمرات ہر طبقے تک پہنچنا ضروری ہیں، بصورت دیگر بجٹ کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔
بجٹ میں اعداد و شمار زیادہ، عوامی ریلیف کم نظر آتا ہے: احمد نواز خان جدون.
23