مانسہرہ: سرن ویلی کے بالائی علاقوں منڈا کچھہ اور گرد و نواح میں مسلسل اور شدید بارشوں کے باعث اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بالائی علاقوں میں جاری بارشوں کے نتیجے میں دریائے سرن اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے نشیبی علاقوں اور دریا کے کناروں پر موجود افراد کو خطرات لاحق ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجول اور منڈا کچھہ کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے، جس سے مقامی آبادی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی بحالی اور ملبہ ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ اس وقت بڑی تعداد میں سیاح اور مقامی افراد دریائے سرن میں نہانے، تفریح اور پکنک کے لیے موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو اچانک آنے والا سیلاب چند ہی لمحوں میں خطرناک صورتحال پیدا کر سکتا ہے اور انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، تھانہ نواز آباد، تھانہ شنکیاری پولیس اور ریسکیو اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں، دریائے سرن کے اطراف اعلانات اور گشت بڑھایا جائے اور خطرناک مقامات پر موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔


انتظامیہ نے شہریوں، سیاحوں اور مقامی افراد سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں، جبکہ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور خراب موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
سرن ویلی کے بالائی علاقوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ، منڈا کچھہ اور پنجول کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک بند.
19