آکوڑہ خٹک: منشیات فروش کی رہائی کے لیے مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے رشوت لینے والے دو پولیس اہلکار گرفتار، ایک نے ضمانت حاصل کر لی.

20

نوشہرہ کے علاقے آکوڑہ خٹک میں منشیات فروش کی رہائی کے لیے مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے رشوت لینے کے الزام میں دو پولیس کانسٹیبلز کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک اہلکار نے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کر لی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں کانسٹیبل غنی اور کانسٹیبل وقاص خان شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر معطل کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تیسرے اہلکار کانسٹیبل مدثر کے خلاف بھی انکوائری شروع کر دی گئی ہے، تاہم انہوں نے گرفتاری سے قبل عدالت سے حفاظتی ضمانت حاصل کر لی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات فروش حضرت عثمان کی رہائی کے لیے اس کے بھائی سے مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے وصول کیے گئے تھے۔ معاملے کی شکایت سامنے آنے پر پولیس حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا، جس کے دوران ابتدائی شواہد اور ریکارڈ کی بنیاد پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید گرفتاریاں یا محکمانہ کارروائیاں بھی عمل میں لائی جا سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں