ایبٹ آباد: بائیکا رائیڈر کو فائرنگ کرکے قتل، نامعلوم ملزمان فرار.

20

ایبٹ آباد کے تھانہ نواں شہر کی حدود ککمنگ روڈ، جندر ڈھکی گاؤں کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک بائیکا رائیڈر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر اسامہ کو دھوکے سے رائیڈ کے بہانے بلایا، جہاں پہلے سے موجود افراد نے اس پر اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نواں شہر پولیس کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مقتول اسامہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتا تھا اور اس کے کم سن بچے بھی ہیں۔ اس اندوہناک واقعے کے بعد اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے، جبکہ علاقے میں شدید غم و غصہ اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی افراد نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں