خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر کے تحصیل میئرز اور چیئرمینوں کو اپریل تا جون 2026 کے تین ماہ کے اعزازیے اور مراعات کی ادائیگی کے لیے ایک کروڑ 29 لاکھ 60 ہزار روپے جاری کر دیے ہیں۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کی 54 تحصیلوں کے میئرز اور چیئرمینوں کو 80 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ اور مراعات کی مد میں ادا کیے جائیں گے۔ اس حساب سے ہر تحصیل میئر یا چیئرمین کو تین ماہ کے بقایاجات اور مراعات کی مد میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 40 ہزار روپے ملیں گے۔
اس فیصلے سے ایبٹ آباد، حویلیاں، ہری پور، مانسہرہ سمیت ہزارہ ڈویژن اور صوبے کے دیگر اضلاع کے تحصیل میئرز و چیئرمین مستفید ہوں گے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کی باقاعدہ منظوری اور اجرا کے بعد متعلقہ تحصیلوں کو ادائیگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو ان کے واجبات اور مراعات کی بروقت ادائیگی مقامی حکومتوں کے نظام کو فعال رکھنے اور منتخب نمائندوں کی انتظامی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں معاون ثابت ہوگی۔