راولپنڈی: نالے میں گرنے والے 7 سالہ بچے کی تلاش جاری، ریسکیو ٹیمیں تاحال کامیاب نہ ہو سکیں.

38

راولپنڈی: گزشتہ روز نالے میں گرنے والے سات سالہ کمسن بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے، تاہم کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بچے کا سراغ نہیں مل سکا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق نالے میں گرنے والے بچے کی شناخت وصال خان ولد فرہاد خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کی عمر سات سال بتائی گئی ہے۔ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز تھانہ ویسٹریج، راولپنڈی کی حدود میں پیش آیا، جہاں بچہ اچانک نالے میں گر کر تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور گزشتہ شام سات بجے سے مسلسل سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ تاہم اندھیرا اور خراب موسمی و زمینی حالات کے باعث رات کے وقت آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی تلاش کے لیے آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے اور تھانہ شمس کالونی، اسلام آباد کی حدود میں نالے کے مختلف مقامات پر سرچ کارروائی جاری ہے۔ ریسکیو اہلکار جدید آلات اور مختلف ٹیموں کی مدد سے بچے کی تلاش میں مصروف ہیں۔
واقعے کے بعد اہل خانہ شدید کرب اور بے چینی کا شکار ہیں، جبکہ علاقے میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچے کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بچے کا سراغ نہیں مل جاتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں