اسلام آباد: پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقاتوں اور رابطوں کے بعد نئے سیاسی فارمولے کو حتمی شکل دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کی حمایت اور ووٹوں سے گلگت بلتستان میں اپنی حکومت قائم کرے گی، جبکہ وزیراعلیٰ کا عہدہ پیپلز پارٹی کے حصے میں آئے گا۔
سیاسی ذرائع کے مطابق حکومت سازی کے فارمولے کے تحت گلگت بلتستان کے گورنر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو دیے جانے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت کو دونوں جماعتوں کے درمیان مرکز میں موجود سیاسی تعاون کے تسلسل کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر اتفاق ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے حوالے سے بھی دونوں جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے پایا گیا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اتحاد گلگت بلتستان کی آئندہ سیاسی سمت، قانون سازی اور انتظامی معاملات پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے، جبکہ خطے میں اقتدار کی نئی صف بندی بھی سامنے آ سکتی ہے۔
گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اتفاق، وزیراعلیٰ پیپلز پارٹی سے ہوگا.
31