سعودی عرب میں مانسہرہ کے شہری کے ساتھ اقامہ (کفالہ) کے نام پر مبینہ فراڈ، 6500 ریال ہتھیا لیے گئے.

29

ریاض / مانسہرہ: سعودی عرب میں مقیم مانسہرہ کے رہائشی پاکستانی شہری اخلاق احمد کے ساتھ اقامہ (کفالہ) کے نام پر مبینہ بڑے فراڈ کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس میں ان سے ہزاروں ریال کی رقم ہتھیا لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
متاثرہ شہری نے بتایا کہ ایک بنگالی نژاد شخص نے انہیں اور ان کے بھائی کو سعودی عرب میں کفالہ (اقامہ) دلوانے کا جھانسہ دیا اور اس مد میں مجموعی طور پر 6500 ریال وصول کر لیے، جو ان کے مطابق ان کی ایک سال کی محنت کی کمائی تھی۔
اخلاق احمد کے مطابق ملزم نے انہیں مختلف بہانوں سے دیر تک انتظار کروایا اور بعد ازاں ایک جعلی لوکیشن پر بلا کر اچانک اپنا موبائل فون بند کر دیا اور اپنی رہائش خالی کر کے ساتھیوں سمیت فرار ہو گیا۔ متاثرہ شہری نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے احتیاطاً ملزم کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی تھی۔
متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ انہوں نے واقعے کے بعد سعودی پولیس (شرطہ) اور جوازات سے رابطہ کیا، تاہم تاحال انہیں انصاف نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق ملزم کی تصاویر اور ویڈیو ان کے پاس موجود ہیں، جس کی بنیاد پر وہ قانونی کارروائی کے منتظر ہیں۔
اخلاق احمد نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جو بھی شخص ملزم کے بارے میں درست معلومات فراہم کرے گا، اسے 2000 ریال انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے سعودی حکام اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ان کی رقم واپس دلوائی جائے اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں