کوہاٹ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ شہباز الٰہی کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران تھانہ جرما پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل اور اقدامِ قتل کے مختلف مقدمات میں مطلوب دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جرما اقبال خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب چھاپہ مار کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں مطلوب ملزمان محمد خان اور جواد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم محمد خان 3 جون 2026 کو پیش آنے والے ایک قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا، جبکہ ملزم جواد 29 جنوری 2025 کو درج ہونے والے قتل کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا۔ دونوں ملزمان کے خلاف قتل اور اقدامِ قتل سمیت سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے تھانہ جرما منتقل کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔