وفاقی حکومت کا بڑا فیصلہ: کفایت شعاری اقدامات واپس، سرکاری اداروں میں معمول کا نظام بحال

30

وفاقی حکومت نے فیول بچت اور کفایت شعاری سے متعلق متعدد سخت اقدامات واپس لیتے ہوئے سرکاری اداروں میں معمول کے انتظامی امور دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری دفاتر میں ایک اضافی تعطیل ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں دوبارہ پانچ روزہ ورکنگ ویک بحال کر دیا گیا ہے۔
مزید فیصلوں کے تحت سرکاری گاڑیوں کے لیے ایندھن کی فراہمی میں کی گئی 50 فیصد کٹوتی بھی واپس لے لی گئی ہے، جبکہ مختلف محکموں میں 60 فیصد گاڑیوں کی بندش کا سابقہ فیصلہ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔
حکومتی نوٹیفکیشن میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران کی تنخواہوں میں دو روزہ کٹوتی کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اسی طرح سرکاری محکموں کے مجموعی اخراجات میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
مزید برآں وفاقی اور صوبائی وزراء، مشیروں، معاونینِ خصوصی اور گورنرز کے بیرون ملک سرکاری دوروں پر عائد پابندی بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد اعلیٰ سطح کے سرکاری وفود دوبارہ معمول کے مطابق بیرون ملک دورے کر سکیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری اور نجی شعبے میں 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد تمام ادارے مکمل افرادی قوت کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلے موجودہ انتظامی ضروریات اور ملک میں معاشی و سماجی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں