اسلام آباد (مانسہرہ ڈاٹ کام)
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے خود کو گریڈ 17 کا افسر ظاہر کرنے والے ایک مبینہ جعلساز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے ترجمان کے مطابق گھوٹکی سے تعلق رکھنے والا عبدالواجد خود کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا افسر ظاہر کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا جعلی تقرر نامہ برآمد ہوا، جس پر اسپیکر قومی اسمبلی کے جعلی دستخط بھی موجود تھے۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کی کارروائی کے نتیجے میں ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ مبینہ طور پر جعلی شناخت کے ذریعے غیر قانونی مراعات اور پروٹوکول بھی حاصل کرتا رہا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ عوامی شکایات اور سوشل میڈیا پر معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ عبدالواجد کا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی اس کی تقرری کا کوئی سرکاری ریکارڈ موجود ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر، قومی اسمبلی یا کسی بھی سرکاری عہدے کے نام پر جعلی دستاویزات تیار کرنا سنگین جرم ہے۔ شہری کسی بھی تقرر نامے یا سرکاری دستاویز کی متعلقہ ادارے سے تصدیق ضرور کریں۔
نوٹ: یہ خبر متعلقہ ادارے کے ترجمان کے بیان اور ابتدائی تفتیشی معلومات پر مبنی ہے۔ مقدمے سے متعلق حتمی فیصلہ عدالت کی کارروائی کے بعد ہوگا۔
🚨 قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سے جعلی افسر گرفتار، اسپیکر کے جعلی دستخط والا تقرر نامہ بھی برآمد.
32