گوجرانوالہ (مانسہرہ ڈاٹ کام)
گوجرانوالہ کے علاقے بدر ٹاؤن میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق ایک ماں نے مبینہ طور پر کالا جادو اتارنے کے بہانے اپنی ہی 4 سالہ بیٹی کو زندہ جلا دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے جلتا ہوا چولہا اٹھا کر بچی کے جسم کے مختلف حصوں کو جھلسایا، جبکہ اس دوران مبینہ طور پر بچی کے دو بھائیوں اور ایک بہن نے اسے پکڑ رکھا تھا۔
واقعے میں معصوم بچی کا جسم تقریباً 60 فیصد جھلس گیا، جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو بیٹوں اور ایک بیٹی کو بھی مزید تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ بچی کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
نوٹ: پولیس کا مؤقف ابتدائی تحقیقات پر مبنی ہے، حتمی حقائق مکمل تفتیش اور عدالتی کارروائی کے بعد سامنے آئیں گے۔