مانسہرہ: گزشتہ رات مانسہرہ اور گردونواح میں ہونے والی موسلادھار بارش، تیز آندھی اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید آندھی کے باعث ایک بڑا درخت گرنے سے میاں خان نامی شخص اس کے نیچے دب گیا۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے اسے نکالنے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
دوسرا افسوسناک واقعہ بوٹیالہ شیخ الگڑھی میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث برساتی نالے میں طغیانی آ گئی۔ اس دوران ایک خاتون تیز پانی کی زد میں آ کر بہہ گئی۔ مقامی افراد اور امدادی ٹیموں نے خاتون کو تلاش کرنے کی کوشش کی، تاہم اسے مردہ حالت میں نکال لیا گیا۔
شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث ضلع کے مختلف علاقوں میں درخت اکھڑ گئے، بجلی کی فراہمی بھی متعدد مقامات پر متاثر ہوئی جبکہ کئی رابطہ سڑکوں پر ملبہ اور درخت گرنے سے آمدورفت میں بھی مشکلات پیش آئیں۔
ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، دریاؤں اور کمزور درختوں کے قریب جانے سے احتراز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔
مانسہرہ: موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں نے تباہی مچا دی، درخت گرنے اور برساتی نالے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق.
24