راولپنڈی: جڑواں شہروں میں ایک اور افسوسناک قتل کی واردات نے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان، حدود تھانہ صادق آباد میں معمولی مالی تنازع خونریز انجام تک پہنچ گیا، جہاں مرغی کی دکان پر 300 روپے کے معاملے پر ہونے والی تلخ کلامی کے دوران ایک چچا زاد بھائی نے دوسرے کو چھری کے وار کرکے قتل کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں چچا زاد بھائی مرغی کی دکان پر موجود تھے کہ 300 روپے کے لین دین پر ان کے درمیان جھگڑا شروع ہوگیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی، جس پر ایک ملزم نے طیش میں آ کر اپنے کزن پر چھری سے پے در پے وار کر دیے۔
زخمی نوجوان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی راول ٹاؤن سعد ارشد، اے ایس پی سید دانیال اور ایس ایچ او تھانہ صادق آباد راجہ سجاد پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
پولیس حکام نے مقتول کے ورثاء کو یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کو قانون کے مطابق گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی بھی تفتیش جاری ہے۔
راولپنڈی: 300 روپے کے تنازع پر چچا زاد بھائی کے ہاتھوں نوجوان قتل.
20