پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عوام کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے “خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی” منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا وژن کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفت وائی فائی کی سہولت سے طلبہ، مریضوں کے لواحقین، مسافروں، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں کو معلومات تک آسان رسائی حاصل ہوگی، جبکہ آن لائن تعلیمی، کاروباری اور سرکاری خدمات سے بھی بھرپور استفادہ کیا جا سکے گا۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں پشاور کے سرکاری ہسپتالوں، بی آر ٹی اسٹیشنز، بس ٹرمینلز اور دیگر اہم پبلک ٹرانسپورٹ مقامات پر مفت وائی فائی سروس فراہم کی جائے گی۔ بعد ازاں اس منصوبے کو مرحلہ وار صوبے کے دیگر اضلاع، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، عوامی پارکوں اور اہم عوامی مقامات تک توسیع دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تحت فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سروس کا معیار، رفتار اور سیکیورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری بلا تعطل اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی سے نہ صرف عوام کی زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں گی بلکہ صوبے میں ای گورننس، سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے کو بھی فروغ ملے گا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے “خیبرپختونخوا اوپن وائی فائی” منصوبے کا افتتاح کر دیا، پشاور میں مفت انٹرنیٹ سروس کا آغاز.
24