پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کو ممکنہ لانگ مارچ، پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی مانگ لی.

21

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف ممکنہ لانگ مارچ کے اعلان کے بعد سیکیورٹی انتظامات میں تیزی آگئی ہے۔ پنجاب حکومت نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت سے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمۂ داخلہ پنجاب نے وفاق کو خط لکھ کر راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز تعینات کرنے کی درخواست کی ہے، جبکہ راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی بھی طلب کی گئی ہے۔ درخواست میں ان سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک رکھنے کی بات کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بھی ممکنہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر سیکیورٹی انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے پنجاب سے 16 ہزار اور سندھ سے 2 ہزار پولیس اہلکار طلب کیے ہیں۔ اس کے علاوہ دونوں صوبوں سے 3 ڈی آئی جیز، 7 ایس ایس پیز اور 18 ایس پیز بھی مانگے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد اور اٹک کے مختلف اہم مقامات پر کنٹینرز بھی پہنچائے جا رہے ہیں، جبکہ سیکیورٹی پلان کے تحت اضافی نفری اور انسدادِ ہنگامہ آرائی کے وسائل بھی طلب کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال برقرار رکھنے کے بیانات سامنے آئے ہیں، جبکہ حکومتی سطح پر امن و امان برقرار رکھنے اور دارالحکومت کی سیکیورٹی کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں