وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء تارڑ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر جھوٹی ویڈیوز اور بیانیہ پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔
پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کی دوبارہ تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جھوٹا بیانیہ بنانے اور سوشل میڈیا پر جھوٹی ویڈیوز پھیلانے میں ماہر ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے مطابق دہشتگردی اور پی ٹی آئی کی سیاست میں تباہی و بربادی کا بیانیہ مشترک ہے، جبکہ پی ٹی آئی تعمیر و ترقی اور ملک کی مضبوطی کا بیانیہ نہیں بنا سکتی۔
عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد آنے کا نہیں بلکہ اب جانے کا وقت آگیا ہے اور حکومت ان سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔
مذاکرات سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے یہ بتایا جائے کہ پی ٹی آئی میں کس سے مذاکرات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب پُرامن احتجاج کی بات ہی نہیں تو مذاکرات کیوں کیے جائیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کو پُرامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے مفاہمت اور مذاکرات کا راستہ بند نہیں کیا۔
پی ٹی آئی والے جھوٹی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پھیلانے میں ماہر ہیں، عطاء تارڑ.
36