نوجوانوں کے لیے امید کی نئی کرن

41

ایبٹ آباد : آج ایبٹ آباد میں مقامی گراؤنڈ میں “بنو قابل” پروگرام کے تحت ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ یہ ٹیسٹ الخدمت فاؤنڈیشن اور بنو قابل ہزارہ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو ہنر مند اور بااعتماد شہری بنانا ہے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ہزارہ و سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن عبدالرزاق عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “بنو قابل” صرف ایک تعلیمی منصوبہ نہیں بلکہ ایک قومی تحریک ہے جو نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار اور عزتِ نفس کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمٰن کا وژن یہی ہے کہ پاکستان کے نوجوان جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیم اور ٹیکنیکل مہارت حاصل کریں تاکہ وہ خودکفیل بن سکیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی تعلیم، خدمت اور قیادت کے میدانوں میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب میں مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ “بنو قابل” پروگرام کے ذریعے ہزارہ کے طلبہ کے لیے ایک نیا دروازہ کھل گیا ہے جہاں سے وہ جدید مہارتیں سیکھ کر اپنے مستقبل کو سنوار سکیں گے۔

تقریب کے اختتام پر عبدالرزاق عباسی نے تمام شرکاء، اساتذہ، والدین اور الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سفر ابھی آغاز ہے، ہم ہر شہر، قصبے اور گاؤں تک “بنو قابل” کا پیغام پہنچائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں