ایبٹ آباد: رمضان کے آخری ایام میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ٹریفک پولیس اور تاجر برادری کا اہم اجلاس

11

ایبٹ آباد ( MansehraDotCom) میں رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران بازاروں میں بڑھتے ہوئے رش اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ ایس ایس پی ٹریفک اشتیاق خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹر سجاد خان نے ایبٹ آباد ٹریڈ یونین کے عہدیداران کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس کے دوران شہر کے مرکزی بازاروں میں پارکنگ کے مسائل، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے بے ہنگم داخلے، غیر قانونی پارکنگ اور بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ڈی ایس پی ٹریفک سجاد خان نے تاجر برادری کو آگاہ کیا کہ رمضان کے آخری دنوں میں خریداروں کی بڑی تعداد بازاروں کا رخ کرتی ہے، جس کے باعث ٹریفک کے مسائل میں اضافہ ہو جاتا ہے، لہٰذا اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹریفک پولیس اور تاجر برادری کے درمیان باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دکاندار اپنی دکانوں کے سامنے غیر ضروری رکاوٹیں نہ رکھیں اور گاہکوں کو ہدایت کریں کہ گاڑیاں مقررہ پارکنگ مقامات پر کھڑی کریں۔ اس کے علاوہ بازاروں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


اجلاس میں ٹریڈ یونین کے نمائندوں نے بھی ٹریفک پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ وہ تاجروں کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے آگاہ کریں گے تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے اور شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں