مانسہرہ کے مشہور سیاحتی مقامات ناران اور کاغان میں سال کی پہلی برف باری کے بعد نظامِ زندگی متاثر ہو گیا ہ

32

مانسہرہ : مانسہرہ کے مشہور سیاحتی مقامات ناران اور کاغان میں سال کی پہلی برف باری کے بعد نظامِ زندگی متاثر ہو گیا ہے۔ علاقے میں تین سے چار انچ تک برف جمنے سے مرکزی اور ذیلی سڑکیں بند ہوگئی ہیں، جس کے باعث درجنوں گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں اور سینکڑوں سیاح علاقے میں محصور ہو کر رہ گئے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق ناران اور کاغان کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ سڑکوں پر برف جم جانے کے باعث آمد و رفت معطل ہو گئی ہے جبکہ کئی مقامات پر گاڑیوں کے پھسلنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

محکمہ ریسکیو اور مقامی انتظامیہ کی ٹیمیں سڑکوں کی صفائی اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔ بھاری مشینری کی مدد سے ناران، کاغان اور جرید کے علاقوں میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی پیشگوئی دیکھ کر ہی پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سیاحوں نے صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بھاری مشینری کے ذریعے سڑکوں سے برف صاف کی جائے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔ سیاحوں کا کہنا تھا کہ اگر بروقت راستے کھول دیے جائیں تو موسم کی بہتری کے ساتھ مزید سیاح برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے ناران کاغان کا رخ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب جہلم ویلی ، موسم سرما کی پہلی برفباری ۔ مظفرآباد سے وادی لیپا جانیوالی مسافر بس لیپہ ریشیاں روڈ پر برف میں پھنس گئی۔
بس میں تقریباً 25 مسافر سوار تھے جن میں 8 عورتیں بھی شامل تھیں۔بس مظفرآباد سے وادی لیپہ جا رہی تھی۔ مڈ وے کے مقام پر زیادہ برف باری اور پھسلن کے باعث بس دیوار سے ٹکرا کر رک گئی۔

خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مسافروں نے بتایا کہ اگر بس کچھ اور آگے جاتی تو بڑا حادثہ ہو سکتا تھا ۔

روڈ پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے پاک فوج کی ریسکیو ٹیم روانہ پاک فوج کی ریسکیو ٹیم مسافروں کو ریسکیو کر کے ان کے گھروں تک پہنچادیئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں