ضلع مانسہرہ کے مشہور سیاحتی مقام ناران کاغان ویلی میں گزشتہ شب ہونے والی شدید برفباری کے بعد مانسہرہ پولیس نے رات گئے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ، تمام سیاحوں کو رات گئے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور کی ہدایت پر مانسہرہ پولیس کی ٹیموموں نے تمام علاقے میں ریسکیو اور ٹریفک کلیئرنس آپریشن شروع کیا، جس کے دوران تقریباً 35 گاڑیوں کو برف سے نکالا گیا جبکہ 150 سے زائد سیاحوں اور مقامی شہریوں کو بروقت ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او مانسہرہ کا کہنا تھا کہ مانسہرہ پولیس ہر مشکل گھڑی میں عوام اور سیاحوں کی خدمت کے لیے ہر وقت الرٹ ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ موسم کی شدت اور راستوں کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔جبکہ اس وقت ناران کاغان ویلی میں موسم صاف ہے اور ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔