روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کی خصوصی مہم

16

ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سرمد سلیم اکرم روبیلا اور خسرہ سے بچاؤ کی خصوصی مہم (Measles Rubella Campaign) کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لیے مہم کا آغاز 17 تا 29 نومبر 2025 تک کیا جا رہا ہے۔ حکومتی ہدایات کے مطابق، 6 ماہ تا 5 سال تک کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے لیے خصوصی مہم کے دوران ضلع ایبٹ آباد میں 100 فیصد تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

اجلاس میں مہم کے لیے مجموعی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں ٹیموں کی دستیابی، ویکسینیشن پلان، فیلڈ اسٹاف اور آگاہی مہم کے پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں 52 فکسڈ ٹیمز، 153 آؤٹ ریچ ٹیمز اور 4 موبائل ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں، جو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ویکسینیشن سروس فراہم کریں گی۔

کمپین کے دوران تمام موجودہ EPI مراکز کے علاوہ ایسے علاقوں میں بھی ویکسینیشن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جہاں EPI مراکز موجود نہیں ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ والدین کی آگاہی اور بچوں کی بروقت ویکسینیشن کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ محروم نہ رہے۔

اجلاس میں ڈاکٹر اسد علی (ٹیکنیکل فوکل پرسن ای پی آئی، ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز)، ڈی ایچ او ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈاکٹر اشفاق (ایل ایچ ڈبلیو کوآرڈینیٹر)، ڈاکٹر یاسر خان (ای پی آئی کوآرڈینیٹر) اور ندیم خان (فوکل پرسن ڈی ای او سی ایبٹ آباد) نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں