اینڈرائیڈ فونز کے وہ 7 فیچرز جو آئی فونز صارفین کیلئے خواب ہیں

14

آئی فون زیادہ اچھا ہوتا ہے یا اینڈرائیڈ اسمارٹ فون، یہ بحث عرصے سے جاری ہے۔

صارفین ان میں سے کسی ایک پلیٹ فارم کو مختلف وجوہات یا فیچرز کے باعث ترجیح دیتے ہیں۔

آئی فونز اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے درمیان یہ مسابقت لگ بھگ 2 دہائیوں سے جاری ہے اور دنیا بھر میں اب اینڈرائیڈ فونز کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔

ویسے تو دونوں آپریٹنگ سسٹمز میں متعدد فیچرز موجود ہیں مگر چند فیچرز ایسے ہیں جو آپ صرف اینڈرائیڈ فونز میں ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

تو ایسے فیچرز کے بارے میں جانیں جو آئی فونز صارفین کے لیے فی الحال تو خواب ہی ہیں۔

اسکرولنگ اسکرین شاٹس
آئی فونز کے مقابلے میں اینڈرائیڈ فونز میں اسکرین شاٹس لینے کا تجربہ بہت زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

آئی فونز میں فل اسکرین اسکرین شاٹ پریویو ممکن ہی نہیں جبکہ بیشتر اینڈرائیڈ فونز میں صارفین آسانی سے اسکرین شاٹس میں اسکرولنگ کرسکتے ہیں۔

یعنی کسی تصویر، تحریر یا کسی بھی چیز کا اسکرین شاٹ لے کر اس کا مکمل جائزہ لینا ممکن ہوتا ہے۔

اسٹوریج میں اضافہ
آئی فون میں اسٹوریج کو بڑھانا ممکن نہیں ہوتا اور زیادہ اسٹوریج والے آئی فونز مہنگے ہوتے ہیں۔

اگر کوئی صارف کم اسٹوریج والا سستا آئی فون خریدتا ہے تو پھر اس میں اضافہ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

اس کے مقابلے میں اینڈرائیڈ فونز میں ایس ڈی کارڈ سے اسٹوریج میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

ایپ کلوننگ
کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے فون میں موجود ایک ایپ میں ایک سے زیادہ اکاؤنٹس استعمال کرنا ہوتے ہیں۔

یہ خواہش کسی آئی فون میں تو درد سر بن جاتی ہے کیونکہ اکاؤنٹس سوئچ کرنے کے لیے ہر بار سائن ان اور سائن آؤٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

اینڈرائیڈ فونز میں اس کا حل ایپ کلوننگ کی شکل میں دیا گیا ہے۔

صارفین مختلف ایپس کی نقول تیار کرکے مختلف ڈیٹا اور اکاؤنٹس کو استعمال کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

درحقیقت اینڈرائیڈ فونز میں یہ فیچر برسوں سے موجود ہے بس فون کمپنیوں نے اسے مختلف نام دیے ہوئے ہیں۔

متعدد پروفائلز
کسی فون میں متعدد پروفائلز کافی مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

مثال کے طور پر آپ اپنے فون کو کسی گھر کے فرد کو دے سکتے ہیں، بچوں کو استعمال کرنے کے لیے دے سکتے ہیں یا اپنے پرسنل اور دفتر کے اکاؤنٹس الگ رکھ سکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ فونز میں فونز میں مختلف یوزر کو ایڈ کرنے کی سہولت دستیاب ہوتی ہے اور ہر پروفائل کا ڈیٹا، پاس ورڈز اور فائلز الگ ہوتی ہیں۔

مگر آئی فونز میں یہ فیچر موجود نہیں بلکہ ایک پروفائل پر ہی اسے استعمال کرنا ہوتا ہے۔

اسپلٹ اسکرین
اگر ملٹی ٹاسکنگ کی بات ہو تو اینڈرائیڈ فونز اس حوالے سے آئی فونز سے بہتر ہوتے ہیں۔

اینڈرائیڈ فون میں اسپلٹ اسکرین فیچر کے ذریعے صارفین بیک وقت 2 ایپس چلا سکتے ہیں مگر آئی فونز میں ایسا کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

ریورس وائرلیس چارجنگ
آئی فون ایکس میں پہلی بار ایپل نے وائرلیس چارجنگ کا فیچر متعارف کرایا تھا مگر کئی برس گزر جانے کے باوجود اب تک آئی فونز میں ریورس وائرلیس چارجنگ کا فیچر دستیاب نہیں، جو اینڈرائیڈ فونز میں برسوں سے موجود ہے۔

ریورس وائرلیس چارجنگ سے آپ دیگر ڈیوائسز کو اپنے فون کے ذریعے چارج کرسکتے ہیں۔

ڈیسک ٹاپ موڈ
متعدد اینڈرائیڈ فونز میں ڈیسک ٹاپ ڈسپلے کا فیچر موجود ہوتا ہے۔

اس فیچر سے صارفین ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر جیسے انٹرفیس کو استعمال کرسکتے ہیں۔

اس فیچر میں آپ ماؤس کو استعمال کرسکتے ہیں، فائلز کو ایک سے دوسری جگہ لے جاسکتے ہیں اور بھی کافی کچھ کرسکتے ہیں۔

مگر آئی فون کو کسی اور ڈسپلے سے اس طرح کنکٹ کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں