ایبٹ آباد میں پولیو مہم کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) سردمد سلیم اکرم، ڈی پی او ایبٹ آباد، ڈی ایچ او، اے ڈی سی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
پروگرام کا عنوان ”پولیو ورکرز کے نام… قوم کا سلام” رکھا گیا۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مؤثر اور نگرانی، سزا و جزا اور کارکردگی کی بنیاد پر نیمنگ و شیمنگ کے طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ”پوری دنیا پولیو سے نجات پا چکی ہے، صرف پاکستان اور افغانستان اس چیلنج سے نمٹ رہے ہیں۔
پولیو ورکرز فرنٹ لائن ہیروز ہیں، ان کی خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی جبکہ کمزور کارکردگی والے ورکرز کی راہنمائی ضروری ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ چند یوسیز میں اضافی محنت کی ضرورت ہے اور جھوٹے ریفیوزلز کی روک تھام کے لیے رپورٹنگ کا نظام مزید مضبوط بنایا جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سردمد سلیم اکرم نے اپنے خطاب میں پولیو ورکرز کی محنت، جذبے اور ذمہ داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ”پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہر قدم پر پولیو ٹیموں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ کسی بچے کو پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
”انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ٹیمیں جس جانفشانی سے کام کر رہی ہیں وہ قابلِ تعریف ہے۔تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور شاباش پیش کی گئی۔ پروگرام میں پولیو کے خاتمے کے عزم کو دہرایا گیا اور اس ارادے کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر پولیو کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔