اپر کوہستان: پولیو مہم میں اچھی کارکردگی دکھانے والے ورکرز کی حوصلہ افزائی، ڈپٹی کمشنر کوہستاں اپر کا خراجِ تحسین۔
کوہستان اپر میں پولیو مہم کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے پولیو ورکرز کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان صاحب، ایمرجنسی اپریشن سنٹر پشاور ٹیم، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر داسو، پبلک ہیلتھ کوآرڈینیٹر، ڈی ایس وی، میڈیا نمائندگان اور دیگر شرکاء نے شرکت کی۔
تقریب کا عنوان “پولیو ورکرز کے نام ــ قوم کا سلام” رکھا گیا، جس کا مقصد پولیو ٹیموں کی محنت، جذبے اور قومی خدمت کو سراہنا تھا۔
ڈپٹی کمشنر طارق علی خان نے اپنے خطاب میں پولیو ورکرز کو فرنٹ لائن ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات قابلِ فخر ہیں۔ انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور کمزور کارکردگی والے ورکرز کی رہنمائی اور بہتری کے لیے اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر صاحب نے مزید کہا کہ چند یوسیز میں اضافی کوششوں کی ضرورت ہے، کیونکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہر قدم پر پولیو ٹیموں کے ساتھ کھڑی ہیں اور کسی بھی بچے کو پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز میں تعریفی شیلڈ اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے باہم مل کر پولیو کو ہمیشہ کے لیے ختم کریں گے۔