مانسہرہ : کنگ عبدالله ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ میں وحید نامی شخص کی جانب سے ڈسٹرکٹ چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر احمد سعید کے ساتھ بدتمیزی کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔
وحید نامی شخص کی جانب سے ڈاکٹر احمد سعید کے ساتھ کی جانے والی بدتمیزی ، سوشل میڈیا پر کردار کشی اور ہسپتال کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔
مذکورہ شخص نے نہ صرف ہسپتال میں بدتمیزی اور بدنظمی پیدا کی بلکہ بغیر اجازت ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی، جو کہ مریضوں اور طبی عملے کی پرائیویسی کی سنگین خلاف ورزی اور سائبر کرائم قوانین کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔ اس غیر ذمہ دارانہ اقدام سے ہسپتال کا علاج معالجے کا ماحول متاثر ہوا اور مریضوں و عملے میں شدید اضطراب پھیلا۔
ہسپتال کے تمام طبی و غیر طبی عملے کا متفقہ مطالبہ ہے کہ مذکورہ شخص کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ، سرکاری فرائض میں مداخلت، ہراسانی اور بدتمیزی کے تحت فوری مقدمہ درج کیا جائے، ضمانت منسوخ کی جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اس موقع پر صدر پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن راجہ ظہور عباسی، ڈاکٹر بلال احمد ، ڈاکٹر احمد سعید اور قاری محمد شفیع نے واضح کیا کہ ہسپتال ایک مقدس ادارہ ہے جہاں ڈاکٹرز اور عملہ عوام کی خدمت کے لیے موجود ہے، مگر کسی بھی صورت میں تذلیل، ہراسانی اور سوشل میڈیا پر کردار کشی برداشت نہیں کی جائے گی۔
صدر پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن راجہ ظہور عباسی نے کہا “ہم عوام کی خدمت کے لیے بیٹھے ہیں، ہسپتال کا پرامن ماحول خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔”
یاد رہے مذکورہ شخص کے خلاف چند ماہ قبل ملیریا سپروائزر کے ساتھ نازیبا رویہ اپنانے ، کام سے روکنے اور گالم گلوچ اور کار سرکار میں مداخلت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے بھی ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی ۔