مانسہرہ : کلگان کے رہائشی آئل ٹینکر ڈرائیور کا اغوا کے بعد قتل ۔مرکزی ملزم گرفتار ۔ نعش اور آئل ٹینکر برآمد
تفصیلات کے مطابق کلگان مانسہرہ کے رہائشی آئل ٹینکر ڈرائیور 38 سالہ نور زمان ولد غلام قادر کو اس کے قریبی دوست سنی ولد عزیزالرحمٰن نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اغوا کے بعد قتل کر دیا۔ پولیس نے مرکزی ملزم کو مانسہرہ سے گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر مقتول کی نعش اور آئل ٹینکر برآمد کر لیا ۔
مقتول تین دسمبر کو ہزارہ خان انٹرپرائزز کے 22 ویلر آئل ٹینکر نمبر TMH-617 پر 48 ہزار لیٹر پیٹرول لے کر چک پرانہ ، گوجرانوالہ کے لیے روانہ ہوا تھا۔ 6 دسمبر کو جب آئل ٹینکرز کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے نائب صدر طارق خان جدون نے ڈرائیور سے رابطہ کیا تو اس کا موبائل فون بند پایا گیا ۔
ٹینکر میں نصب ٹریکر سے لوکیشن معلوم کی گئی تو گاڑی کی آخری لوکیشن دولت پور ، قاضی احمد کے قریب ظاہر ہوئی جس پر طارق خان جدون اور طفیل خان دولت پور پہنچے۔ تاہم تھانہ دولت پور اور تھانہ قاضی احمد کی پولیس نے مبینہ طور پر تعاون سے انکار کیا ۔
بعد ازاں طارق خان جدون نے تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمہ درج کروایا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم سنی ولد عزیزالرحمٰن کو مانسہرہ سے گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ ڈرائیور نور زمان کو قتل کیا۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے آئل ٹینکر اور مقتول کی نعش برآمد کر کے ورثا کے حوالے کر دی۔ مقتول کی نمازِ جنازہ اور تدفین گزشتہ روز اس کے آبائی گاؤں کلگان، مانسہرہ میں کر دی گئی مقتول نور زمان شادی شدہ تھا اور دو کم سن بیٹیوں اور ایک بیٹے کا باپ تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کا ایک ساتھی علی حمزہ ولد مشتاق علی 12 دسمبر کو موٹر سائیکل چھیننے کے ایک مقدمے میں لانڈھی جیل میں بند ہے جبکہ تیسرا ملزم رمضان ولد نزاکت علی تاحال فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔