مانسہرہ : کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت غیر قانونی غیر ملکیوں، بالخصوص افغان باشندوں کی وطن واپسی سے متعلق جاری اقدامات اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد اور بٹگرام سمیت تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز)، ایس پی اسپیشل برانچ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف جاری اقدامات اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمشنر ہزارہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ تمام تھانوں سے کرایہ داری فارم حاصل کر کے ان کی مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام مکان مالکان کو سختی سے آگاہ کیا جائے کہ حکومتِ پاکستان کی ہدایات کے مطابق اب کسی بھی افغان باشندے کو رہائش فراہم کرنا غیر قانونی ہے، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر ہزارہ نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ان کے وطن واپس بھیجنے کے لیے فوری، مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ حکومتی پالیسی پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔