ہری پور : محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا میں دیانتداری اور میرٹ کی پاسداری کے لیے شہرت رکھنے والے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (DEO) ہری پور ملک تنویر اعوان نے قبل از وقت سبکدوشی کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
ملک تنویر اعوان اپنی سروس مکمل ہونے سے دو سال قبل، 58 سال کی عمر میں عہدے سے الگ ہو رہے ہیں اور 31 دسمبر 2025 کو وہ بطور ڈی ای او اپنے فرائض منصبی کا آخری دن گزاریں گے۔
اچانک سبکدوشی کے فیصلے پر عوامی اور تعلیمی حلقوں میں پیدا ہونے والی تشویش کو مسترد کرتے ہوئے ملک تنویر اعوان نے واضح کیا ہے کہ یہ ان کا ذاتی اور رضاکارانہ فیصلہ ہے، جس کے پیچھے کوئی محکمانہ یا سیاسی دباؤ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی فیملی بیرونِ ملک مقیم ہے اور وہ بقیہ وقت ان کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔
ملک تنویر اعوان کے شاندار کیریئر کا آغاز 1989 میں گورنمنٹ ہائی اسکول بیٹ گلی سے ہوا، جس کے بعد انہوں نے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ایس ایس ٹی اور پھر مینجمنٹ کیڈر میں اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کیں۔ وہ کوہستان، حویلیاں، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بھی کلیدی انتظامی عہدوں پر فائز رہے اور بطور ڈی ای او ہری پور اپنی خدمات کو یادگار بنایا۔
مقامی حلقوں نے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے بعد آنے والے افسر بھی کرپشن سے پاک اور میرٹ پر مبنی اسی انتظامی تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔