ایبٹ آباد: ایبٹ آباد میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہتکِ عزت اور کردار کشی کے الزام میں ایک شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر نمبر 83/2025 کے مطابق فریقِ مدعی ملک مجاہد اعوان ایڈووکیٹ سکنہ پھگواڑیاں، تحصیل و ضلع ایبٹ آباد کی تحریری درخواست پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم روایل خان نے فیس بک آئی ڈی کے ذریعے جان بوجھ کر جھوٹا، توہین آمیز اور کردار کش مواد شائع اور پھیلایا جس سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کی تکنیکی تحقیقات اور ٹیکنیکل اینالیسز رپورٹ (TAR) میں ملزم کے خلاف شواہد سامنے آنے کے بعد چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جس دوران ملزم کے قبضے سے متعلقہ فیس بک آئی ڈی اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لیے گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم روایل خان ولد علی اصغر خان سکنہ بانڈہ قاضی، ایبٹ آباد کے خلاف سیکشن 20 (ترمیم شدہ 2025)، سیکشن 24 پیکا ایکٹ 2016 بمعہ سیکشن 109 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ممکنہ ملوث افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر محمد شاکر کے سپرد کر دی گئی ہے۔