اپر کوہستان پولیس کی بڑی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کے جعلی پاکستانی نوٹ برآمد

47

ریس ریلیز: اپر کوہستان پولیس کی بڑی کارروائی، لاکھوں روپے مالیت کے جعلی پاکستانی نوٹ برآمد

اپر کوہستان پولیس نے تھانہ کمیلا کی حدود میں ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں جعلی پاکستانی کرنسی برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر اپر کوہستان میں جعلی کرنسی کی موجودگی اور اس کی گردش کے حوالے سے خبریں زیرِ بحث تھیں۔ ان عوامی شکایات اور سوشل میڈیا رپورٹس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر طاہر اقبال نے تمام ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں اس حوالے سے کڑی نگرانی رکھیں اور مشکوک افراد پر نظر رکھ کر اس مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری ایکشن لیں۔
​ ایس ایچ او ​تھانہ کمیلا خلیل الرحمن کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایک مشکوک شخص جعلی کرنسی کے ساتھ کمیلا بازار کی طرف آ رہا ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او کمیلا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ شاہراہِ ریشم (KKH) پر ناکہ بندی کی اور مشتبہ افراد کی نگرانی شروع کر دی۔
​دورانِ ناکہ بندی، ایک مشکوک شخص کو روک کر جب اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے ایک سفید لفافہ برآمد ہوا، جس کے اندر سے بھاری مقدار میں جعلی پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی۔

​پولیس نے ملزم کے قبضے سے
​5000 روپے کے کل 374 عدد نوٹ مالیت: 18 لاکھ 70 ہزار روپے (18,70,000/- PKR) برآمد کیے

​گرفتار ملزم کی شناخت فضل کریم ولد سبقت اللہ، ساکنہ ڈی سی کالونی جلکوٹ (حال مانسہرہ) کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ اسے یہ جعلی کرنسی کسی دوسرے شخص نے دی تھی جسے وہ آگے سپلائی کرنے والا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ کمیلا میں دفعہ 489B اور 34 PPC کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

​جعلی کرنسی کا کاروبار کرنے والے ملکی معیشت کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں