






بٹگرام میں ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے ٹریفک پولیس کے ہمراہ ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں قائم کر کے کم سن بچوں کی جانب سے موٹر سائیکل چلانے کے خلاف مؤثر اور منظم کارروائی کی۔ اس مہم کا مقصد ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانا اور حادثات کی شرح میں کمی لانا ہے۔
کارروائی کے دوران متعدد کم عمر ڈرائیوروں کو روکا گیا جو بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلا رہے تھے۔ موقع پر کئی افراد کے چالان کیے گئے جبکہ متعدد موٹر سائیکلیں تحویل میں لے کر پولیس لائن منتقل کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق آئندہ بھی ایسے اقدامات بلا تفریق جاری رہیں گے تاکہ قانون کی بالادستی قائم کی جا سکے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اختر رسول نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال ہر موٹر سائیکل سوار کے لیے ناگزیر ہے، کیونکہ ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا عضو سر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ہیلمٹ ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ اپنی جان کو شدید خطرے میں ڈالنے کے مترادف بھی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے والدین سے خصوصی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم سن بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ صرف وہی افراد گاڑی یا موٹر سائیکل استعمال کریں جو قانونی طور پر ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کے اہل ہوں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں والدین اور متعلقہ افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم کا بنیادی مقصد سزا دینا نہیں بلکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
کم سن ڈرائیوروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن، متعدد موٹر سائیکلیں ضبط.
13