وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ کے ہمراہ وزیرِاعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر آئندہ سال 2027 کے حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اہم تقریب میں شرکت کی۔



اس موقع پر وزارتِ مذہبی امور اور وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مابین باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد حجاج کرام کو جدید، شفاف اور تیز رفتار سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس ڈیجیٹائزیشن منصوبے کے تحت حج درخواستوں کی آن لائن وصولی، ڈیجیٹل ویریفکیشن، رہائش اور سفری معلومات کی بروقت فراہمی، شکایات کے ازالے کا مربوط نظام اور موبائل ایپ کے ذریعے حجاج سے براہِ راست رابطے جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ حکومت حجاج کرام کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت اور کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ شزا فاطمہ خواجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارتِ آئی ٹی تمام تکنیکی معاونت فراہم کرے گی تاکہ حج 2027 کا نظام مکمل طور پر محفوظ، مربوط اور صارف دوست بنایا جا سکے۔
اس اقدام سے نہ صرف انتظامی امور میں آسانی پیدا ہوگی بلکہ حجاج کرام کو درپیش مشکلات میں بھی واضح کمی آئے گی، اور حج آپریشن کو ایک جدید اور مربوط ڈیجیٹل ماڈل میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
حج 2027 کو مکمل ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ، وزارتِ مذہبی امور اور آئی ٹی کے درمیان معاہدہ.
43