ضلع کولئی پالس کوہستان میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے ممکنہ خدشات کے پیشِ نظر ضلعی پولیس سربراہ امجد حسین خان کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز، سنیپ چیکنگ، اور سرپرائز ناکہ بندیوں کا سلسلہ مؤثر اور منظم انداز میں جاری ہے۔
ان آپریشنز میں ضلعی پولیس کے ساتھ ایلیٹ فورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، سرکاری تنصیبات، تعلیمی اداروں، بازاروں اور دیگر اہم مقامات پر سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ مشتبہ افراد کی نگرانی کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ کرایہ داروں اور غیر مقامی افراد کے کوائف کی بھی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری ملزمان اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
ڈی پی او کولئی پالس کوہستان امجد حسین خان نے افسران و جوانوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران مکمل مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور عوام دوست رویہ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی قانون شکنی یا مشکوک سرگرمی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں تاکہ مشترکہ کاوشوں سے ضلع میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔







ترجمان
کولئی پالس کوہستان پولیس
ضلع کولئی پالس کوہستان میں سیکیورٹی سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا آغاز.
18