صوبائی حکومت کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر بفہ پکھل نے شِنکیاری کے مختلف امتحانی مراکز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے امتحانی عمل کے تمام مراحل کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
اس موقع پر سکیورٹی انتظامات، امتحانی ہالز کی نگرانی، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کی حاضری کو چیک کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے طلبہ سے بھی بات چیت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ امتحانات کے انعقاد میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور نقل (چیٹنگ) کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نقل میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کے اندر و باہر سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے، غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر مکمل پابندی ہو اور سی سی ٹی وی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔








انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اولین ترجیح طلبہ کو صاف، شفاف اور منصفانہ امتحانی ماحول فراہم کرنا ہے، اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
#