🚨 بٹگرام پولیس کی بڑی کارروائی: ہائی ٹرانسمیشن لائن چوری کرنے والا گروہ گرفتار ⚡

23

بٹگرام: عوامی اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بٹگرام پولیس نے ایک اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن (HT) لائن کاٹ کر چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ نوشہرہ اور اجمیرہ برانچ کے علاقوں میں نامعلوم افراد بجلی کی قیمتی تاریں کاٹ کر چوری کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا تھا بلکہ بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری حکمت عملی تیار کرتے ہوئے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی اور مشتبہ افراد کی نگرانی شروع کر دی۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزمان کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ چوری شدہ HT کنڈکٹر کو منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے HT کنڈکٹر کی دو بھری بوریاں بھی برآمد کر لی گئیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار گروہ اس سے قبل بھی مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔
دوسری جانب، ہیزیکو (HAZECO) حکام نے بٹگرام پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں عوامی املاک کے تحفظ اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں