مانسہرہ (-) چنار روڈ عباسی چوک میں ٹریفک اہلکاروں اور شہریوں کے درمیان پیش آنے والے تلخ کلامی کے واقعہ پر مانسہرہ ٹریفک پولیس نے اپنا مؤقف جاری کر دیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ضلع بھر میں بلیک پیپر اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر خصوصی مہم جاری ہے۔ اسی مہم کے دوران چنار روڈ عباسی چوک پر ٹریفک سٹاف نے ایک سوزوکی کیری ڈبہ کو بلیک پیپر کی خلاف ورزی پر روکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ڈرائیور کی درخواست پر رعایت دیتے ہوئے، جبکہ اصل جرمانہ زیادہ بنتا تھا، صرف 500 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی دوران گاڑی میں موجود خواتین نیچے اتر آئیں اور ٹریفک اہلکاروں کی ویڈیو بنانا شروع کر دی، جس پر موقع پر تلخ کلامی ہوئی۔ بعد ازاں سڑک بھی کچھ دیر کے لیے بند رہی جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی ٹریفک ارشد خان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کروا دیا۔
بعد ازاں ایس پی ٹریفک مانسہرہ جہانزیب خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹریفک اہلکاروں کو ٹریفک دفتر طلب کر لیا۔ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک اور انسپکٹر ٹریفک کو شفاف انکوائری کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
🚨 مانسہرہ: عباسی چوک واقعہ پر ٹریفک پولیس کا مؤقف سامنے آ گیا.
18