پشاور کے علاقے بڈھ بیر، شیخان میں قبروں سے چھیڑ چھاڑ کے ایک سنگین واقعے نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔ پولیس کے مطابق 19 سالہ نوجوان کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک کم سن بچی کی قبر کھود کر میت نکالنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس کے مطابق قبرستان کے چوکیدار نے نوجوان کو موقع پر قابو کیا، جس کے بعد مقامی افراد بھی جمع ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت سلمان ولد افغان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم افغان شہری ہے، بارہویں جماعت تک تعلیم حاصل کر چکا ہے اور باڑہ قدیم میں رہائش پذیر تھا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ماضی میں بھی قبریں کھودنے اور میتیں نکالنے سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر اس سے قبل بھی متعدد قبروں کو نشانہ بنا چکا ہے۔
کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق واقعے کا اعلیٰ حکام نے سخت نوٹس لیا ہے۔ ایس پی صدر ڈویژن فدا حسین کی نگرانی میں ایس ایچ او بڈھ بیر ملنگ جان اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔



پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کے تمام پہلوؤں کی تفتیش شروع کردی ہے۔ حکام کے مطابق مزید شواہد اور ممکنہ طور پر دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پشاور: قبریں کھود کر میتیں نکالنے والا 19 سالہ نوجوان گرفتار.
29