18 مئی کی رات سے 19 مئی کے دوران بالائی و وسطی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اسی دوران گلگت بلتستان میں بھی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
مزید برآں 20، 21 اور 22 مئی کے دوران بادلوں کا رخ جنوبی جانب بڑھنے کا امکان ہے، جس کے باعث خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی و وسطی پنجاب میں مختلف مقامات پر مزید بارشیں متوقع ہیں۔ اس دوران شمالی بلوچستان کے چند علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب جنوبی پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق گرمی کی شدت کے ساتھ ساتھ وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے وقتی طور پر موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔ تاہم عید کے فوراً بعد اور جون کے پہلے ہفتے سے شدید ہیٹ ویوز آنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔