مانسہرہ: ڈی پی او کا ٹریفک میں رکاوٹیں پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

19

مانسہرہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق، پولیس کے آفیشل پیج پر ایک ویڈیو اور 25 سے زائد دکانداروں کے دستخطوں پر مشتمل درخواست موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ مانسہرہ بازار کی دونوں اطراف اڈے قائم ہونے کے باعث شہری، بالخصوص خواتین، بچے اور بزرگ شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

ڈی پی او کے احکامات پر ایس پی ٹریفک شاہنواز خان کی نگرانی میں انسپکٹر ٹریفک انس خان بمعہ عملہ موقع پر پہنچے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا۔ سڑک پر رکھے گئے پتھر ہٹا دیے گئے جبکہ فریقین کے درمیان مسئلے کو موقع پر حل کروا دیا گیا۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ آئندہ نو پارکنگ زون یا سڑک پر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈی پی او مانسہرہ نے کہا کہ عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ٹریفک کی روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں