مانسہرہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر اور مستحکم رکھنے کے لیے ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان کے خصوصی احکامات پر تھانہ بفہ پولیس نے ہفتہ وار سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔
نو تعینات ایس ایچ او تھانہ بفہ انسپکٹر حفیظ خان نے پولیس نفری اور لیڈیز پولیس اہلکاروں کے ہمراہ علاقے کے مختلف حساس مقامات، گھروں، ہوٹلز اور مشکوک ٹھکانوں کی مکمل چیکنگ کی۔ کارروائی کے دوران خواتین کی تلاشی کے لیے لیڈیز پولیس کو بھی شامل رکھا گیا تاکہ کارروائی شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق ہو۔
آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو موقع پر روکا گیا اور ان کی مکمل شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔ بعض افراد کے خلاف شک کی بنیاد پر انہیں مزید تفتیش کے لیے تھانہ بفہ طلب کر لیا گیا ہے۔
پولیس کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے، جس کی نوعیت اور مزید تفصیلات کی جانچ جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق اسلحہ کی برآمدگی سے ممکنہ جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔
ضلعی پولیس کے مطابق اس طرح کے سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔